شہداء و غازیوں کو وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں، مریم نواز کا یوم دفاع پر پیغام

09-06-2023

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے یوم دفاع کے موقع پر 65ء کے شہدا کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

یوم دفاع کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز نے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965 ایسا تاریخی اور یادگار دن ہے جب طاقت کے نشے میں چور کئی گنا بڑے دشمن کو وسائل اور تعداد میں کہیں کم ایک قوم نے ناکوں چنے چبوا دیئے تھے۔ مریم نواز نے کہا کہ سمندر، صحرا، فضا، فلک بوس چوٹیوں اور میدانوں میں، ہر جگہ، ہر محاذ پر ہماری افواج نے شجاعت اور بہادری کے وہ کارنامے دکھائے جس نے دشمن کو عبرت کی مثال بنا دیا تھا، افواج پاکستان اور متحد عوام مل کر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہیں۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ قومی اتحاد پر ضرب لگانا پاکستان کے دشمنوں کا اصل منصوبہ ہے جسے ہم نے مل کر ناکام بنانا ہے، دشمن کی اس رشتے میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوشش حسرتِ ناتمام ہی رہے گی، شہدا کے تقدس اور احترام پر قوم نے کبھی سمجھوتہ کیا نہ کرے گی۔ سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ قوم شہدا کی قربانیوں اور ان کے احترام کی وارث ہے، شہدا کا تقدس اور احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،9 مئی جیسے سیاہ واقعات دشمن کی سازش کا حصہ ہے جسے قوم برداشت نہیں کرے گی، مضبوط افواج، امن اور معاشی بحالی کے ضروری تقاضے ہیں۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری افواج عظیم قربانیاں دے رہی ہیں، عوام اور افواج پاکستان کے مضبوط رشتے میں دشمن کو دراڑ نہیں ڈالنے دیں گے، نوجوانوں کو جنگ ستمبر کے قومی جذبے سے ہم کنار کریں گے، دشمن کی منفی سوچ سے اپنے نوجوانوں کے ذہنوں کو بچائیں گے، شہیدوں، غازیوں کو وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں۔