ایشیا کپ: تمام میچز پاکستان میں نہ کروانے پر جے شاہ کا بیان سامنے آگیا

09-06-2023

(ویب ڈیسک) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ نے ایشیا کپ کے میچز پاکستان میں نہ کروانے پر بیان جاری کردیا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے بذریعہ ای میل اے سی سی ممبران کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ براڈ کاسٹرز، میڈیا رائنٹس ہولڈرز پاکستان میں ایشیا کپ کے تمام میچز کروانے سے ہچکچارہے تھے جبکہ سکیورٹی مسائل اور معاشی حالات بھی انکی بڑی وجہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ بطور اے سی سی صدر میں ٹورنامنٹ کروانے کیلئے پرعزم تھا، اس لیے سری لنکا کو مشترکہ میزبان بنایا اور ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان میں بھی میچز کروائے گئے، تاہم یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ پی سی بی کی قیادت میں کئی تبدیلیاں ہوئیں جس کے نتیجے میں کچھ مذاکرات آگے پیچھے ہوئے جس میں میچوں کیلئے ٹیکس چھوٹ اور انشورنس جیسے اہم پہلو شامل تھے۔ ایشین کونسل کے ممبران ستمبر کے مہینے میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں گرمی کے باعث ون ڈے میچز کھیلنے پر خدشات کا اظہار کررہے تھے جبکہ شیڈول کے باعث کھلاڑیوں کے زخمی اور انکی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں ہیں جبکہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیمیں گزشتہ ایک سال میں پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں۔ بی سی سی آئی جے شاہ کے بیان پر پاکستانی کرکٹ فینز انہیں سیاسی قرار دے رہے ہیں کیونکہ بورڈ ڈرتا ہے کہیں انہیں ہوم گراؤنڈ پر پاکستان سے شکست نہ ہوجائے۔