ہمیں ٹرافی جیتنے والی ٹیم بننا ہے: ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم
09-06-2023
(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن کا کہنا ہے کہ میرا ہدف ہر فارمیٹ میں پاکستان کو نمبر ون بنانا ہے، ہمیں ہر لمحہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر کرنا ہے۔
نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہا کہ ہم نے 92 سے ورلڈکپ نہیں جیتا، طویل عرصے سے کوئی ٹرافی نہیں جیتی، ہم شدت سے ٹرافیاں جیتنا چاہتے ہیں، اگر اب نہیں جیتیں گے تو کب جیتیں گے؟ اگر یہ پلیئرز نہیں جیتیں گے تو کون جیتے گا؟ انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹرافی جیتنے والی ٹیم بننا ہے، ہم پچھلے چند سالوں کی کارکردگی سے اب بھی وہاں نہیں پہنچے جہاں ہونا چاہیے، کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ ہر روز اپنی کارکردگی پہلے سے بہتر کریں۔ گرانٹ بریڈ برن کا کہنا تھا کہ پلیئرز اچھا پرفارم کر رہے ہیں، نتائج بھی ہمارے حق میں آ رہے ہیں،ہمیں ہر پلیئر کا اندازہ ہے کہ وہ سکواڈ میں کیا حیثیت رکھتا ہے، ٹیم میں کئی پوزیشن کیلئے متعدد امیدوار موجود ہیں،آپس کے مقابلے سے پلیئرز کو اندازہ رہتا ہے کہ ٹیم میں رہنے کیلئے کارکردگی دکھانا ہوگی۔ ہیڈ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم نے مزید کہا کہ کوچنگ سٹاف کو اندازہ ہے کہ پلیئرز انسان ہیں، مشین نہیں ، ٹیم میں بابر اور شاہین جیسے کھلاڑیوں کا ہونا کافی مفید ہے، کبھی کبھار لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ پلیئرز ہر میچ میں پرفارم کریں، ایسا ہو نہیں سکتا۔ گرانٹ بریڈ برن کا کہنا تھا کہ پلیئرز کو اندازہ ہے کہ 24 کروڑ لوگوں کی نمائندگی کرنا کیا ہوتا ہے،ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اگلے 12 دنوں میں ایشیا کپ ٹرافی پاکستان لے کر آئیں جبکہ ورلڈ کپ کیلئے ہماری تیاری درست سمت میں جا رہی ہے، میں یقینی بنانا چاہتا ہوں ہم ہر روز پرفارمنس میں بہتری لائیں۔