سینٹرل ایشیا کے ساتھ 50 بلین ڈالر کی تجارت کا سکوپ موجود ہے، نگران وفاقی وزیر تجارت
09-05-2023
(لاہورنیوز) نگران وفاقی وزیر برائے تجارت، صنعت و پیداوار گوہر اعجاز نے کہا سینٹرل ایشیا کے ساتھ 50 بلین ڈالر کی تجارت کا سکوپ موجود ہے۔
نگران وفاقی وزیر برائے تجارت، صنعت و پیداوار گوہر اعجاز نے جمہوریہ ازبکستان کے یوم آزادی میں شرکت کی، گوہر اعجاز نے کہا سینٹرل ایشیا کے ساتھ 50 بلین ڈالر کی تجارت کا سکوپ موجود ہے، رواں سال کے اندر ازبکستان کے ساتھ 1 بلین ڈالر کی تجارت کے قابل ذکر حصول کا عہد ہے۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے مزید کہا گزشتہ چار سالوں میں، پاکستان اور ازبکستان نے اپنے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو بحال کرنے میں خاطر خواہ پیش رفت کی ہے،دونوں ممالک میں تجارت 20-2019 میں 27 ملین ڈالر سے رواں سال بڑھ کر 126.05 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا زرعی ترقی کے لئے ازبکستان کے راستے پر چلنے کی ضرورت ہے، ازبکستان کے عوام کو یوم آزادی کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ازبکستان کے سفیر نے وزیر گوہر اعجاز کے ویژن اور کوششوں کا خیرمقدم کیا، ڈاکٹر گوہر اعجاز نے ازبکستان کے سفیر اور دیگر معززین کے ساتھ کیک بھی کاٹا۔