لاہور سمیت پاکستان کے ایئرپورٹس پرای گیٹ نصب کرنے کا فیصلہ

09-05-2023

(ویب ڈیسک) لاہور سمیت پاکستان کے تمام ایئرپورٹس پر ای گیٹ نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ای گیٹ منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی ایئرپورٹس پر ای گیٹ نصب کیے جا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں ملک کے تین بڑے ایئر پورٹس پر ای گیٹ نصب ہوں گے، جن میں اسلام آباد، علامہ اقبال لاہور اور جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی شامل ہیں، یہ منصوبہ سیکرٹری ایوی ایشن اور ڈی جی سی اے اے کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ای گیٹ منصوبے سے متعلق نادرا، ایف آئی اے پاسپورٹ اور ایف آئی اے امیگریشن سے تجاویز بھی حاصل کی گئی ہیں، بورڈ کی منظوری کے بعد ای گیٹ کے لیے ٹینڈرز طلب کیے جائیں گے۔ ای گیٹ کے ذریعے مسافروں کو امیگریشن میں بھی سہولت میسر ہوگی، تنصیب کے بعد مسافروں کو نہ پاسپورٹ دکھانا پڑے گا، نہ ہی ٹکٹ دکھانے کی زحمت ہوگی، مسافر ایئرپورٹ پر داخل ہوتے ہی ای گیٹ کے ذریعے پاسپورٹ اور ٹکٹ سیکن کرکے بورڈنگ کارڈ حاصل کریں گے اور جہاز میں سوار ہو سکیں گے۔ سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ای گیٹ مسافر کی شناخت کے لیے بائیو میٹرک پاسپورٹ کی چپ میں موجود ڈیٹا کا استعمال کرتا ہے، اس جدید ٹیکنالوجی سے مسافروں کو عالمی سفری سہولت میسر ہوگی، اس سسٹم کے تحت مسافر چہرے، فنگر پرنٹ، آئیرس پہچان یا مجموعی طریقہ کار کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق سے گزرتے ہیں۔ جب شناخت کا عمل مکمل ہو جائے گا تو مسافر کے لیے گیٹ خود بہ خود کھل جائے گا۔