پرائڈ آف پرفارمنس ملنا زندگی کا یادگار ترین لمحہ تھا: مسرت مصباح

09-05-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان میک اپ انڈسٹری کی ممتاز شخصیت مسرت مصباح کا کہنا ہے کہ میری زندگی کا یادگار لمحہ وہ تھا جب مجھے پرائڈ آف پرفارمنس دیا گیا۔

نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بیوٹی انڈسٹری کا سب سے بڑا نام اور تیزاب گردی کا شکار خواتین کے زخموں پر مرہم رکھنے والی سماجی رہنما مسرت مصباح نے اپنی زندگی کے یادگار لمحات ناظرین سے شیئر کیے۔ انہوں نے بتایا کہ پرائڈ آف پرفارمنس ملنے کے بعد مجھے انٹرنیشنل ایوارڈز ملنے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا، اٹلی کی حکومت نے بھی مجھے ایوارڈ سے نوازا جو میرے اور پاکستان کیلئے باعث اعزاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں بدقسمتی سے لوگوں کے سماجی کاموں کو زیادہ سراہا نہیں جاتا بلکہ اس میں خامیاں تلاش کی جاتی ہیں اور حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔ مسرت مصباح ان خواتین میں سے ایک ہیں جنہوں نے ناصرف اپنے کیرئیر میں بے شمار کامیابیاں حاصل کی ہیں بلکہ ان کا شمار پاکستان کی ان باصلاحیت خواتین میں بھی ہوتا ہے جنہوں نے اپنی زندگی میں انسانیت کی خدمت کرکے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔