چینی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی تحقیقات شروع

09-05-2023

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی تحقیقات شروع کردیں۔

ذرائع محکمہ خوراک کے مطابق شوگر ملز مالکان، ڈیلرز اور دیگر افراد کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا، سٹے کے لیے عدالت جانے والے ملز مالکان اور ڈیلرز کا ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا، ذخیرہ اندوزی کرنے والے ڈیلرز کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ محکمہ خوراک کے ذرائع نے بتایا ہے کہ فہرستیں تیار کر کے آپریشن شروع کیا گیا ہے، ،ایک ہفتے میں کریک ڈاؤن کر کے چینی کی قیمتیں کم کرنے کا ہدف دیا گیا ہے، مافیاز کے خلاف کارروائیوں کے لیے ٹاسک فورس بھی قائم کردی گئی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سیکرٹری خوراک اور کین کمشنر ٹاسک فورس کے انچارج ہوں گے، پنجاب بھر کے کمشنرز، ڈی سیز ان کی ہدایات پر عمل کے پابند ہوں گے،چینی کی اسمگلنگ روکنے لیے اسمگلنگ پوائنٹس پر بھی ناکہ بندی سخت کر دی گئی ہے۔