شہر میں چینی کی قیمت 190 روپے پر جا پہنچی،عوام کا کمی کا مطالبہ

09-05-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی نے چینی کی مٹھاس کڑواہٹ میں بدل دی، چینی کے نرخ آؤٹ آف کنٹرول ہو گئے۔

شوگر ملز کی جانب سے ہر روز چینی نرخوں میں تیزی کا سلسلہ جاری ہے، پرچون مارکیٹ میں چینی 185 سے 190 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، مختلف شوگر ملز کا ریٹ 171 سے 180 روپے فی کلو تک ہے جبکہ زیادہ تر شوگر ملز 171 سے 175 روپے میں فی کلو چینی فراہم کر رہی  ہیں۔ چند شوگر ملز 180 روپے فی کلو  تک مستقبل کے سودے کررہی ہیں جبکہ تھوک مارکیٹ میں چینی  178 سے 180 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ شہری  چینی کی روز بڑھتی قیمت پر دہائیاں دے رہے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کہیں نہیں، جس کا جو دل کرتا ہے  اُس قیمت پرچینی بیچ رہا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق چینی نرخ  میں مزید تیزی کے امکان پر مستقبل کے مہنگے سودے کیے جارہے ہیں، مارکیٹ میں چینی کا کوئی نیا سرکاری ریٹ جاری نہیں کیا گیا، وفاقی حکومت نے چینی کا نرخ 98 روپے 82 پیسے فی کلو مقرر کیا تھا مگر چینی نرخ کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کی وجہ سے سرکاری ریٹ کا تعین تاخیر کا شکار ہے۔   شوگر ملز مالکان نے عدالتی فیصلے تک حکومت سے نئی قیمت کے تعین پر معذرت کر لی۔