کھانا کھاتے ہوئے معمولی سی تکلیف کینسر کی نشانی ہو سکتی ہے

09-05-2023

(ویب ڈیسک) کینسر دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے جس کے باعث ہر سال لاکھوں اموات ہوتی ہیں۔

اب طبی ماہرین نے کینسر کی ایک ایسی عام نشانی کی نشاندہی کی ہے جو بیشتر افراد نظرانداز کر دیتے ہیں۔ اگر آپ کو کھانا نگلنے میں مشکلات کا سامنا ہے تو یہ کینسر کی کسی قسم کی نشانی ہو سکتی ہے۔ اس مسئلے کو طبی زبان میں dysphagia کہا جاتا ہے اور ماہرین کے مطابق یہ سر، جبڑے، گردن یا منہ کے کینسر کی نشانی ہو سکتی ہے کیونکہ رسولی بڑھنے سے کھانا نگلنا مشکل ہو جاتا ہے۔ یہ چہرے پر جِلد کے کینسر کی بھی علامت ہو سکتی ہے۔ اسی طرح گلے کی مسلسل سوجن بھی کینسر کی نشانی ہوتی ہے، خاص طور پر اگر چہرہ سوج گیا ہے یا وزن میں اچانک کمی جیسی علامات کا سامنا ہو رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق ضروری نہیں کہ کھانا نگلنے میں مشکل محسوس ہونا کینسر کی نشانی ہو، یہ معدے میں تیزابیت کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔ مگر دیگر علامات نظر آئیں اور کھانا نگلنے کا مسئلہ وقت کے ساتھ بدتر ہو جائے تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا بہتر ہے۔ کینسر کی عام علامات میں جِلد کے اندر گلٹی، جسمانی وزن میں غیر متوقع کمی، جِلد میں تبدیلیاں، مسلسل پیٹ پھولنے کی شکایت، کھانے کی خواہش ختم ہو جانا یا آواز بدل جانا قابل ذکر ہیں۔ ماہرین نے بتایا کہ کھانا نگلنے کے ساتھ ساتھ کینسر کی 4 دیگر علامات ایسی ہیں جن کو کبھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ سانس پھول جانا، جریان خون، گلٹی اور پیشاب کرنے کے مسائل جیسی علامات کو بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ خیال رہے کہ حالیہ برسوں میں تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ 1990 کے بعد 3 دہائیوں کے دوران 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کا پھیلاؤ نمایاں حد تک بڑھا ہے۔ اگست 2023 میں نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کی ایک تحقیق میں اس کا ممکنہ جواب دیا گیا تھا۔ تحقیق میں خیال ظاہر کیا گیا کہ متعدد عناصر اس حوالے سے کردار ادا کر رہے ہیں، جیسے غذائی عادات میں تبدیلی، طرز زندگی میں تبدیلیاں، نیند کی عادات، موٹاپے میں اضافہ اور فضائی آلودگی۔ محققین کے مطابق معدے یا اس سے منسلک اعضا سے جڑے کینسر کی اقسام جوان افراد میں سب سے زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ آنتوں کا کینسر جوان افراد میں سب سے زیادہ عام ہے جبکہ لبلبے اور معدے سے جڑے دیگر اعضا کے کینسر کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ 29 سے 39 سال کی عمر کے افراد میں بھی کینسر تیزی سے پھیل رہا ہے۔