کیا آپ جانتے ہیں خشک آلو بخارہ کھانے کے کیا فوائد ہیں؟

09-04-2023

(ویب ڈیسک)ماہرین نے خشک آلو بخارے کے استعمال سے حاصل ہونیوالے فوائد بارے تحقیق جاری کردی ۔

تفصیلات کےمطابق خشک آلو بخارے سے ہڈیوں کی صحت پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات کے حوالے سے برسوں سے تحقیقی کام ہو رہا ہے۔حالیہ تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ خشک آلو بخارے کھانے سے ہڈیوں کی کمزوری اور حجم میں کمی کی روک تھام ممکن ہوسکتی ہے۔ ماہرین  کی جانب سے  تحقیق میں خواتین کو شامل کیا گیا تھا کیونکہ خواتین میں ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے،نتائج سے معلوم ہوا کہ خشک آلوبخارے ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔ خشک آلوبخاروں میں متعدد وٹامنز اور منرلز موجود ہوتے ہیں جو ہڈیوں کے لیے اہم ہوتے ہیں، مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ پھل ورم کا مقابلہ بھی کرتا ہے جس سے بھی ہڈیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے۔خشک آلو بخاروں میں فائبر جیسا جز موجود ہوتا ہے جو بلڈ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ 12 خشک آلو بخارے کھانے سے کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے اور امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔اسی طرح خشک آلو بخاروں میں موجود فائبر قبض سے نجات دلانے یا اس سے بچانے میں مدد فراہم کرتا ہے،فائبر کے ساتھ ساتھ اس پھل میں ایسے مرکبات اور شکر موجود ہوتی ہے جو جلاب کی طرح کام کرتے ہیں۔