لیسکو میں نئے بھرتی ہونے والے اسسٹنٹ منیجرز کی ٹریننگ کی اختتامی تقریب

09-04-2023

(لاہور نیوز) لیسکو میں نئے بھرتی ہونے والے اسسٹنٹ منیجرز کی ٹریننگ کی اختتامی تقریب ہوئی۔

لیسکو میں نئے بھرتی ہونے والے 66 اسسٹنٹ منیجرز کی ٹریننگ مکمل ہو گئی۔ ٹریننگ کی اختتامی تقریب ایل او ایس رسول پارک کے علاقہ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں لیسکو کے مختلف شعبہ جات میں بھرتی ہونے والے اسسٹنٹ منیجرز نے شرکت کی۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو حافظ میاں محمد نعمان بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔   نئے بھرتی ہونے والے افسران کو حافظ نعمان نے مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ لیسکو میں آنے کے بعد آپکی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔ ایک عام آدمی کی سہولت  کا دارو مدار اس ادارے کی بہتر کارکردگی پر ہے۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے بل بہت زیادہ آ رہے ہیں۔ اس کی ذمہ داری لیسکو اور دیگر کمپنیوں پر عائد نہیں ہوتی۔ آئی ایم ایف کے ساتھ حکومتی معاہدے کے باعث مسائل کا سامنا ہے۔ تقریب میں لیسکو چیف انجینئر شاہد حیدر، ڈائریکٹر کسٹمر سروسز رائے محمد اصغر، جنرل منیجر ٹیکنیکل عامر یاسین سمیت دیگر سینئر مینجمنٹ نے شرکت کی۔