خواتین کے تحفظ اور حجاب کے فروغ کے لیے مسجدِ شہداء کے باہر واک کا اہتمام

09-04-2023

(لاہور نیوز) عالمی یومِ حجاب پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین نے مسجدِ شہداء کے باہر واک کی۔ جماعت اسلامی رہنما سمیحہ راحیل قاضی نے واک کی قیادت کی۔

ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا کر خواتین کے حقوق کی آواز بلند کی گئی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی رہنما سمیحہ راحیل قاضی کا کہنا تھا چار ستمبر عالمی یوم حجاب کو’’ چادر اور چار دیواری کے تحفظ ‘‘کے نام کرتے ہیں۔ انکا کہنا تھا احکامِ حجاب معاشرے کے اندر انسانی زندگی کا حسن برقرار رکھتے ہیں۔ مسلسل اخلاقی پستی کی طرف جاتے معاشرے کے لئے دینی شعور اور قانون کی عمل داری کو ممکن بنانا ہو گا۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین نے او آئی سی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حجاب پر پابندی کے امتیازی قوانین کو ختم کروانے کے لئے اقدام کئے جائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا اخلاقی بے راہ روی اور معاشرتی انتشار کو فروغ دینے والے عوامل کے سدباب کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما ضیا الدین انصاری کا خطاب میں کہنا تھا کہ قرآن و سنت کی بالادستی کو ہر صورت نافذ کرنا ہے۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ ڈراموں میں بے حیائی دکھانے اور تعلیمی اداروں میں منشیات پر پابندی لگائی جائے۔