پبلک ٹرانسپورٹ اور ریلوے کے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا

09-04-2023

(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سامنے آنے لگے۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور ریلوے کے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا۔

ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام چکرا گئی۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور ریلویز کے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا۔ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے 10 سے 15 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا۔ لاہور سے کراچی کا کرایہ5800 سے بڑھ کر 6100 روپے ہو گیا۔ راولپنڈی کا کرایہ 2000  روپے، کوئٹہ کا کرایہ 4200  سے بڑھ کر 4400 روپے ہو گیا۔ مری کا کرایہ 2200  سے بڑھ کر 2400 روپے ہو گیا۔ پشاور کا کرایہ 2200  سے بڑھ کر 2500 روپے ہو گیا۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرایوں میں اضافہ کرنا مجبوری ہے ورنہ گاڑیاں بند کرنی پڑ جائیں گی۔ ریلوے نے تمام مسافر ٹرینوں کی تمام کلاسز کے کرایوں میں اضافہ کر دیا، نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا۔ ریلوے انتظامیہ نے تمام میل ایکسپریس، پسنجر اور انٹر سٹی ٹرینوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 16 روز میں ریلوے کے دوسری بار کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔