پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس کی ادائیگی کا طریقہ کار آن لائن کر دیا

09-04-2023

(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے ٹیکس پیئرز کی آسانی کے پیش نظر بڑا قدم اٹھا لیا گیا۔

ٹیکس پیئرز کی سہولت کے پیش نظر ٹیکس کی ادائیگی کا طریقہ کار مینوئل سسٹم سے آن لائن کر دیا گیا۔ ترجمان پی آر اے کے مطابق ٹیکس پیئرز اپنے متعلقہ بنک میں موجود اکاونٹ کے ذریعے براہ راست ٹیکس کی ادائیگی کر سکیں گے۔ ٹیکس دہندگان متعلقہ بنک کی آن لائن اپلیکیشن کی مدد سے بھی ٹیکس کی ادائیگی کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ ٹیکس پیئرز کو ٹیکس کی ادائیگی کے لئے نیشنل بنک یا بنک آف پنجاب میں جانا پڑتا تھا۔ ٹیکس کی ادائیگی آن لائن ہونے سے نیشنل بنک اور بنک آف پنجاب کے سٹاف کا لوڈ بھی کم ہو جائے گا۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے سرکاری خزانے میں ٹیکس بروقت جمع کروانے کیلئے تمام پرائیویٹ بنکوں کو بااختیار بنا دیا گیا۔ ٹیکس پیئرز بنک آف پنجاب اور نیشنل بنک میں ٹیکس جمع کروانے کی بجائے اپنے متعلقہ کسی بھی نجی بنک میں جمع کروا سکیں گے۔