پرویز الہٰی کی رہائی، سنگل بنچ کے فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل دائر
09-04-2023
(لاہور نیوز) نیب نے پرویز الہٰی کی رہائی اور کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کردی۔
نیب نے انٹراکورٹ اپیل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔ نیب اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سنگل بنچ نے نیب کا پورا مؤقف سنے بغیر پرویز الہٰی کی رہائی کا حکم دیا، پرویز الہی کی گرفتاری قانونی تھی، پرویز الہٰی ریمانڈ پر تھے، سنگل بنچ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا اور رہائی کا حکم جاری کر دیا۔ نیب کی جانب سے دائر انٹراکورٹ اپیل میں مزید کہا گیا ہے کہ پرویز الہٰی کو کسی بھی کیس میں گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی قانونی طور پر درست نہیں۔ انٹرا کورٹ اپیل میں عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ پرویز الہٰی کو رہا کرنے اور کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کے سنگل بنچ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے، عدالت اپیل کے حتمی فیصلے تک سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کرے۔