چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ہدایت پر گداگری کے خاتمے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری

09-04-2023

(لاہور نیوز) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر گداگری کے خاتمے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

چیئرپرسن سارہ احمد کا کہنا ہے انسداد گداگری مہم کے تحت ریسکیو ٹیم کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ریسکیو آپریشن کئے جا رہے ہیں۔ لاہور میں اگست کے مہینے میں 147 بھکاری بچوں کو ریسکیو کیا گیا۔ پنجاب بھر میں گزشتہ ماہ کے دوران چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ضلعی دفاتر میں ریسکیو ٹیم  نے 626 بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے بھکاری مافیا کے خلاف مختلف تھانوں میں 16 ایف آئی آر درج کروائی گئی۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو  نے کہا روزانہ کی بنیاد پر مختلف اوقات کے دوران ریسکیو ٹیم کی جانب سے ریسکیو آپریشن کئے جا رہے ہیں۔ بھکاری بچوں کے بارے میں شکایات پر ہفتہ اور اتوار کو بھی ریسکیو آپریشن کئے جا رہے ہیں۔ کیمپس پل، گلبرگ مین مارکیٹ، جوہر ٹاؤن، اکبر چوک، بھٹہ چوک، ڈیفنس، برکت مارکیٹ، کریم بلاک مارکیٹ، مون مارکیٹ، ایم ایم عالم روڈ اور دیگر علاقوں سے بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا گیا۔ انہوں نے کہا انسداد گداگری مہم کے تحت چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ریسکیو ٹیم کی جانب سے ریسکیو آپریشن لاہور سمیت چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے تمام ضلعی دفاتر میں کئے جا رہے ہیں۔ بھکاری بچوں اور بھکاری مافیا کے خلاف ہیلپ لائن 1121 پر اطلاع دیں۔