پرویز الہٰی کرپشن کیس، محمد خان بھٹی بھی نیب کے ہاتھوں گرفتار

09-03-2023

(لاہور نیوز) چودھری پرویز الہٰی کی مبینہ کرپشن کے سکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو بھی نیب نے گرفتار کرلیا۔

محمد خان بھٹی کو تعمیراتی ٹھیکوں میں 1 ارب کی کرپشن کے الزام پر نیب لاہور نے گرفتار کیا، ملزم پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے گجرات و دیگر شہروں میں غیرقانونی بھرتیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے، دیگر ملزمان کیساتھ مہر عظمت حیات کو پنجاب ہائی وے ڈیپارٹمنٹ میں بطور ایکسیئن بھرتی کروا کر انہیں استعمال کیا۔ ملزم محمد خان بھٹی نے شریک ملزمان کی ملی بھگت سے گجرات میں 116 ترقیاتی سکیمیں منظور کروائیں، ترقیاتی ٹھیکوں میں مبینہ طور پر 1 ارب سے زائد بٹورے گئے، من پسند کنٹریکٹر عظمت حیات کو ٹھیکوں میں رشوت کیلئے استعمال کیا گیا، ملزمان نے تعمیراتی کام شروع ہونے سے قبل ہی ٹھیکیداروں کو مکمل ادائیگیوں سے کمیشن وصول کیا۔ نیب لاہور کے مطابق ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کی رقم چودھری پرویز الہٰی، مونس الہٰی  اور محمد خان بھٹی کے ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل ہوتی رہی، نیب لاہور نے تحقیقات کو آگے بڑھانے کیلئے ملزم محمد خان بھٹی کی سینٹرل جیل گوجرانوالہ سے کسٹڈی حاصل کر لی، ملزم کو جسمانی ریمانڈ کیلئے کل احتساب عدالت لاہور پیش کیا جائیگا۔