پرسوز آواز کے مالک معروف گلوکار حبیب ولی محمد کو دنیا چھوڑے 9 برس بیت گئے

09-03-2023

(لاہور نیوز) پرسوز آواز کے مالک معروف گلوکار حبیب ولی محمد کو دنیا سے رخصت ہوئے 9 برس بیت گئے۔

گلوکار حبیب ولی محمد 16 جنوری 1921ء کو برما کے شہر رنگون کے کاروباری ’’تابانی‘‘ خاندان میں پیدا ہوئے، چھوٹی عمر میں اپنے خاندان کے ساتھ ہجرت کر کے ممبئی آباد ہوئے۔ حبیب ولی محمد نے ممبئی کے اسلامیہ یوسف کالج سے ’’ تان سین‘‘ کے نام سے گلوکاری کا آغاز کیا، تقسیم ہند کے 10 سال بعد کراچی آ گئے، خاندان نے کپڑے کا ایک بڑا کارخانہ کھولا، گلوکاری کا موقع بھی نکالتے رہے۔ گلوکار نے کاروبار کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم کے حصول پر بھی توجہ دی، فارغ اوقات میں گلوکاری کا مشغلہ جاری رکھا، بہادر شاہ ظفر کی غزل ’’لگتا نہیں ہے جی میرا، اجڑے دیار میں‘‘ گا کر بڑی شہرت ملی۔ حبیب ولی محمد نے بے مثال سر، لاجواب تال اور مسحور کن آواز سے ہر گیت کو یادگار بنایا، غزل ہو کہ نغمہ، ترانہ ہو کوئی گانا، سب کچھ اس انداز میں گایا کہ اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے نغمے اور غزلیں عوام و خواص میں یکساں مقبول ہوئیں، حبیب ولی محمد نے عالمگیر شہرت پائی، بھارتی فنکار ان کی غزلوں کے دیوانے تھے۔ حبیب ولی محمد نے فلموں کے علاوہ ریڈیواور ٹی وی سے آخر تک تعلق قائم رکھا، حبیب ولی محمد کمرشل گلوکار نہیں تھے بلکہ اپنی پسند اور شوق سے گانا سیکھا اور گایا، ان کی آواز کی ایک مخصوص رینج تھی، اسی رینج میں رہتے ہوئے جو نغمے گائے وہ بےحد مقبول ہوئے۔ معروف گلوکار حبیب ولی محمد 3 ستمبر 2014 کو 90 سال کی عمر میں انتقال کر گئے لیکن ان کی فنی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔