15 پر ایک ماہ میں 5 لاکھ سے زائد غیر متعلقہ کالز، ریکارڈ جاری
09-03-2023
(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پولیس ہیلپ لائن ون فائیو (15) پر ماہ اگست میں موصول ہونے والی کالز کا ریکارڈ جاری کردیا۔
ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق اگست میں لاہور سمیت پنجاب بھر سے پولیس ہیلپ لائن پر 27 لاکھ 97 ہزار 316 کالز موصول ہوئیں جن میں سے 2 لاکھ 15 ہزار 219 کالز پر پولیس کی مدد فراہم کی گئی۔ سیف سٹیز ترجمان نے بتایا کہ مختلف معلومات کے حصول کیلئے 47 ہزار 410 کالز موصول ہوئیں، ٹریفک سے متعلقہ 8 ہزار 154 کالز پر راہنمائی کی گئی جبکہ موصول شدہ کالز میں سے 5 لاکھ 78 ہزار 417 کالز غیر متعلقہ تھیں۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سینٹر کی مدد سے 5 لاپتہ افراد کو اپنوں سے ملوایا گیا،ایک گاڑی اور 78 موٹر سائیکلیں مالکان کے حوالے کی گئیں۔ اس حوالے سے ایس پی حسن جاوید کا کہنا تھا کہ 15 پر غیر متعلقہ کالز روکنے کیلئے (IVR) انٹرایکٹو وائس رسپانس سسٹم نصب کیا گیا ہے، 15 ایمرجنسی نمبر کے ناجائز استعمال سے سنگین صورتحال میں پھنسے شہریوں کی امداد میں تاخیر ہوتی ہے، شہری ون فائیو (15) ایمرجنسی ہیلپ لائن پر غیر ضروری کالز سے اجتناب کریں۔