لیجنڈز فائٹنگ میں پاکستانی فائٹر کی شاندار واپسی، تھائی حریف کو دھول چٹا دی

09-03-2023

(ویب ڈیسک) پاکستانی مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) فائٹر انیتا کریم نے لیجنڈز فائٹنگ چیمپئن شپ میں تھائی حریف لکنیم بنسون کو آؤٹ کلاس کر دیا۔

تھائی لینڈ میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑی دوسرے راؤنڈ میں آر این سی کر کے مقابلہ جیت گئیں، انیتا کریم نے حریف کو ایسا دبوچا کہ لکنیم ہار ماننے پر مجبور ہو گئیں، انیتا کریم کا فتح گر وار ایم ایم اے میں "ریئر نیکیڈ چوک" کہلاتا ہے۔ 52 کلوگرام کی باؤٹ کے پہلے راؤنڈ میں بھی انیتا حاوی رہیں، پہلے راونڈ کے پانچ منٹ انیتا نے لکنیم پر مکوں کی برسات کی جبکہ دوسرے راؤنڈ میں صرف سوا منٹ بعد انیتا کی حریف نے ہار مان لی۔ یہ ہنزہ سے تعلق رکھنے والی انیتا کریم کی چوتھی پروفیشنل فتح ہے، انیتا کریم نے کیرئیر میں اب تک چھ میں سے چار فانٹس جیتیں اور دو میں انہیں شکست ہوئی۔