بولرز کی کارکردگی سے پوری ٹیم کا اعتماد بڑھا ہے: بابراعظم

09-03-2023

(ویب ڈیسک) ایشیا کپ میں بارش کے باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا تاہم قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز نے پوری بھارتی ٹیم کو آؤٹ کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔

پاکستان کے خلاف بھارت کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 266 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کو 267 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم بارش کے باعث پاکستان کی اننگز شروع ہی نہ ہوسکی اور میچ ختم کرکے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 35 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا جبکہ نسیم شاہ نے 36 رنز دے کر 3 وکٹیں اور حارث رؤف نے 58 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستانی بیٹرز کو تو اپنی کارکردگی دکھانےکا موقع نہ مل سکا تاہم بولرز بھرپور داد سمیٹنے میں کامیاب رہے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بھی میچ کے بعد بولرز کی تعریف کرتے ہوئے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ کیا کہ ' بولرز کی اس طرح کی کارکردگی سے پوری ٹیم  کا اعتماد بڑھا ہے'۔ بابر نے تینوں فاسٹ بولرز کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ 'یہ لوگ ساری تعریف کے مستحق ہیں'۔