جولائی سے اگست: برآمدات میں 6.38 اور درآمدات میں 25.75 فیصد کمی ریکارڈ

09-02-2023

(لاہور نیوز) ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے اگست کے دوران برآمدات میں 6.38 فیصد اور درآمدات میں 25.75 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال جولائی سے اگست تک  تجارتی خسارہ 40.29 فیصد کم ہوگیا، جولائی اور اگست میں 4 ارب 43 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی برآمدات ریکارڈ ہوئیں، گزشتہ مالی سال اسی عرصے کے دوران 4 ارب 73 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی برآمدات تھیں، رواں مالی سال جولائی اور اگست میں 8 ارب 19 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی درآمدات ہوئیں۔ ادارہ شماریات نے مزید بتایا گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 11 ارب ڈالر سے زائد کی درآمدات ہوئیں تھیں، جولائی کی نسبت اگست میں برآمدات میں 14.27 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا، رواں مالی سال اگست میں 2 ارب 36 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔ ادارہ شماریات نے کہا اگست 2023ء کے دوران جولائی کی نسبت درآمدات میں بھی 21.16 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا، رواں مالی سال اگست میں درآمدات 4 ارب 48 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی ہوئیں۔