محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس، حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس انتظامات کا جائزہ
09-02-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کج زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز 5 ستمبر سے ہو گا، 10 لاکھ سے زائد عقیدت مند عرس کی تقریبات میں شرکت کریں گے، عرس کی تقریبات کے دوران محفل سماع، سبیل، نعتیہ مشاعرہ اور خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کی تقریبات کے لئے بہترین اور شاندار انتظامات کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ رواں برس عرس کی تقریبات کے لئے انتظامات گزشتہ برسوں سے خوب سے خوب تر ہونے چاہئیں۔ محسن نقوی نے عقیدت مندوں کی سہولت کے لئے ساؤنڈ سسٹم اور ایس ایم ڈیز (سکرینز) لگانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ لنگر خانے میں بیٹھنے کا وسیع انتظام کیا جائے، وضع کردہ سکیورٹی اور ٹریفک پلان پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایا جائے، قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔ اجلاس میں سیکرٹری اوقاف نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات اور سی سی پی اولاہور نے سکیورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی، عرس کی تقریبات کے دوران پولیس اہلکار 3 شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے، ہر شفٹ کا انچارج ایس پی لیول کا آفیسر ہو گا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری اوقاف، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈپٹی کمشنر لاہور، سی ٹی او لاہور، چیف ایگزیکٹو لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔