ایشیا کپ کا بڑا ٹاکرا : بھارت کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

09-02-2023

(ویب ڈیسک) ایشیا کرکٹ کپ کے سب سے بڑے معرکے میں دو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل ہیں ،بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

دنیائے کرکٹ کی دو بڑی ٹیمیں کینڈی کے پالے کیلے سٹیڈیم میں ان ایکشن ہیں۔میچ سے قبل پالے کیلے سٹیڈیم کے اطراف میں مسلسل بارش ہوئی جس کے پیش نظر گراؤنڈ سٹاف نے فیلڈ  کو کور کر دیا۔ خیال رہے کہ ایشیا کپ کے مقابلوں میں 18 ویں بار آج پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہیں، پہلے میچ میں بڑے مارجن سے جیتنے والی قومی ٹیم کا مورال بھی بلند ہے۔میچ کے لیے  پاکستانی پلیئنگ الیون کا اعلان گزشتہ شب کر دیا گیا تھا جس کے مطابق ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ فخر زمان ، امام الحق ، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد رضوان، محمد نواز ، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف ٹیم کا حصہ ہیں۔ میچ سے قبل پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے اپنی خامیوں کو دور کرنے کیلئے بھر پور پریکٹس کی۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ مقابلوں میں بھارتی ٹیم 7 ٹائٹلز جیت کر ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان بھی ایشیا کپ کا تاج دو بار اپنے سر سجا چکا ہے، روایتی حریف ایشیا کپ ٹورنامنٹس میں 17 بار آمنے سامنے آئے ہیں، بھارت 9 میچز میں کامیاب رہا اور پاکستان نے 6 میچز میں فتح اپنے نام کی جبکہ 2 میچز بے نتیجہ رہے۔ گزشتہ سال ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہوا جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دو بار ٹاکرا ہوا، بھارت نے گروپ سٹیج میں کامیابی حاصل کی تو پاکستان نے سپر فور مرحلے میں بھارت کو چاروں شانے چت کیا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے ون ڈے میچز کے ریکارڈ کے مطابق قومی ٹیم کو بھارت پر سبقت حاصل ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان 132 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے گرین شرٹس نے 73 جبکہ بھارت نے 55 میچز جیتے اور چار میچز بے نتیجہ رہے ہیں۔