وسطی پنجاب کے علاقوں سے گمشدہ بدھ تہذیب کے قدیم آثار اور نوادرات دریافت

09-02-2023

(لاہور نیوز) وسطی پنجاب کے علاقوں سے گمشدہ بدھ تہذیب کے 2 ہزار سال قدیم آثار اور نوادرات کی دریافت ہوئی۔

جھنگ اور سرگودھا کے درمیان دریائے جہلم کی پرانی گزرگاہ سے ملنے والے آثار نے بدھ مت کی تاریخ کا دھارا تبدیل کر دیا ہے۔ عمومی طور پر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ بدھ سلطنت ، کے پی اور پنجاب میں ٹیکسلا تک محدود تھی لیکن اب اِس حوالے سے نئی تحقیق سامنے آئی ہے۔ سرگودھا اور جھنگ کے درمیان علاقے سے بڑی تعداد میں گمشدہ بدھ تہذیب  کے آثار دریافت کیے گئے ہیں۔ آثار کی دریافت سے اِس امر کی بھی نشاندہی ہوئی ہے کہ بدھ دور کے باسیوں نے اِن علاقوں میں بھی اپنے مذہب کی تشہیر و ترویج کے لئے متعدد منفرد انداز بھی متعارف کرائے تھے۔ وسطی پنجاب سے تاریخ کا دھارا تبدیل کر دینے والے بدھ تہذیب کے سامنے آنے والے نوادرات میں بدھ عبادت گاہوں کے آثار ، روزمرہ استعمال کی متعدد اشیاء اور آرٹ کے ایسے شاندار نمونے سامنے آئے ہیں کہ بے ساختہ اِنہیں بنانے والوں کو داد دینے کو جی چاہتا ہے۔