معروف نغمہ نگار احمد راہی کو دنیا سے رخصت ہوئے 21 برس بیت گئے

09-02-2023

(لاہور نیوز) فلم انڈسٹری کے نامور شاعر، نغمہ نگار اور رائٹر احمد راہی کو دنیا سے رخصت ہوئے 21 برس بیت گئے۔

اردو اور پنجابی فلموں کیلئے ایک ہزار کے قریب نغمے تخلیق کرنے والے احمد راہی کو فلم انڈسٹری میں منفرد مقام حاصل ہے وہ نومبر 1923ء میں امرتسر میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام غلام احمد تھا، احمد راہی 1940ء میں لاہور آ گئے اور فلمی کیرئیر کا آغاز پنجابی فلم ’’بیلی‘‘ سے کیا جو تقسیم ہند کے وقت ہونے والے فسادات کے پس منظر میں بنائی گئی تھی۔ احمد راہی نے مشہور پنجابی فلم ’’ہیر رانجھا‘‘ کیلئے لازوال گیت ’’ سن ونجلی دی مٹھری تان،ونجھلی والڑیا‘‘ اور دیگر نغمے تحریر کیے، ان کے لکھے نغمے آج بھی زبان زد عام ہیں، احمد راہی کی دیگر مشہور فلموں میں ’’یکے والی‘‘، ’’مرزاجٹ ‘‘، ’’چھو منتر‘‘، ’’مہندی والے ہتھ‘‘، اور ‘‘نکی جئی ہاں‘‘ شامل ہیں۔ نامور شاعر اور نغمہ نگار احمد راہی کو فلمی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی ، نگار اور بولان ایوارڈز سے بھی نوازا گیا، فلمی گیتوں کے علاوہ انہوں نے بے شمار لوک گیت بھی لکھے جو بہت مشہور ہوئے، احمد راہی 2 ستمبر 2002ء میں مختصر علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے تھے۔