انتظار ختم: ایشیا کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج آمنے سامنے ہوں گے
09-02-2023
(ویب ڈیسک) جس دن کا شائقین کو بے صبری سے انتظار تھا وہ آ گیا، ایشیا کرکٹ کپ کے سب سے بڑے معرکے میں دو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان آج بڑا مقابلہ ہو گا۔
دنیائے کرکٹ کی دو بڑی ٹیمیں دوپہر اڑھائی بجے کینڈی کے پالے کیلے سٹیڈیم میں ان ایکشن ہوں گی، ایشیا کپ کے مقابلوں میں 18 ویں بار آج پاکستان اور بھارت کا آمنا سامنا ہو گا، ہائی وولٹیج ٹاکرے کا شائقین کرکٹ کو بے صبری سے انتظار ہے جبکہ پہلے میچ میں بڑے مارجن سے جیتنے والی قومی ٹیم کا مورال بھی بلند ہے۔ میچ سے قبل پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے اپنی خامیوں کو دور کرنے کیلئے بھر پور پریکٹس کی، قومی ٹیم نے پاک بھارت میچ کیلئے فائنل الیون کا اعلان کر دیا، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے دوران بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ مقابلوں میں بھارتی ٹیم 7 ٹائٹلز جیت کر ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان بھی ایشیا کپ کا تاج دو بار اپنے سر سجا چکا ہے، روایتی حریف ایشیا کپ ٹورنامنٹس میں 17 بار آمنے سامنے آئے ہیں، بھارت 9 میچز میں کامیاب رہا اور پاکستان نے 6 میچز میں فتح اپنے نام کی جبکہ 2 میچز بے نتیجہ رہے۔ گزشتہ سال ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہوا جس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دو بار ٹاکرا ہوا، بھارت نے گروپ سٹیج میں کامیابی حاصل کی تو پاکستان نے سپر فور مرحلے میں بھارت کو چاروں شانے چت کیا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے ون ڈے میچز کے ریکارڈ کے مطابق قومی ٹیم کو بھارت پر سبقت حاصل ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان 132 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے جن میں سے گرین شرٹس نے 73 جبکہ بھارت نے 55 میچز جیتے اور چار میچز بے نتیجہ رہے ہیں۔