ملک میں چینی کی وافر مقدار میں دستیابی کے باعث درآمد نہ کرنے کا فیصلہ
09-01-2023
(لاہور نیوز) وزارت غذائی تحفظ کے مطابق ملک میں چینی کی وافر مقدار میں دستیابی کے باعث درآمد نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، اس وقت ملک میں 1.815 ملین میٹرک ٹن چینی کا سٹاک دستیاب ہے۔
وزارت غذائی تحفظ نے صوبوں کو چینی کی طلب پوری اور قیمتیں کنٹرول کرنے کی ہدایت کر دی، چینی کی قیمتوں میں سٹہ بازی کرنے والوں کے خلاف صوبے کارروائی کریں۔چینی کی ذخیرہ اندوزی اور سمگل کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی، وزارت داخلہ کا چینی سمگل اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن شروع ہے۔ وزارت کے مطابق مقامی ضروریات کے تحت چینی کا سٹاک موجود ہے، ملک میں چینی کا سٹاک، کھپت اور مارکیٹ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔وزارت غذائی تحفظ و تحقیق کے مطابق چینی کی ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ سے مصنوعی طور پر قیمتوں کو بڑھایا جا رہا ہے، آئندہ کرشنگ سیزن نومبر 2023 تک ملک میں چینی کا طلب کے مطابق سٹاک دستیاب ہے۔