سرکاری محکموں کے ملازمین اور نجی شعبہ کے مزدور مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج

09-01-2023

(لاہور نیوز) سرکاری محکموں کے ملازمین اور نجی شعبہ کے مزدور اپنے مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج بن گئے۔

مزدور تنظیموں اور سرکاری ملازمین کی یونینز نے لاہور پریس کلب کے باہر ریلی نکالی۔ وفاق کی طرز پر کم از کم تنخواہ 32 ہزار روپے کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے لاہور پریس کلب سے وزیراعلیٰ ہاؤس تک ریلی بھی نکالی۔ ریلی میں حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں اور وفاق میں مزدور کی کم از کم تنخواہ 32 ہزار مقرر ہے لیکن پنجاب میں مزدور اور سرکاری ملازمین کی کم از کم تنخواہ 32 ہزار نہیں کی گئی۔ مزدور مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہے، دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہو گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اربابِ اختیار خوابِ خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ مزدور اور غریب مہنگائی سے مر رہے ہیں۔ مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیں گے۔