قیمت بڑھنے کے باوجود پٹرول پمپس پر مقررہ نرخوں سے زائد وصولی
09-01-2023
(ویب ڈیسک) حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں بڑے اضافے کے باوجود پٹرول پمپس پر مقررہ نرخ سے زائد وصول کیے جا رہے ہیں۔
قیمت میں اضافہ کیے جانے کے بعد پٹرول کے مقررہ نرخ 305.36 روپے ہیں جب کہ پیٹرول پمپس پر 306.15 روپے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ پٹرول پمپ کا عملہ اصل قیمت سے 79 پیسے زائد وصول کررہا ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت اضافے کے بعد 311.84 روپے فی لیٹر ہوئی ہے جب کہ پٹرول پمپس پر 312.63 روپے فی لیٹر فروخت کیا جا رہا ہے، اس طرح ڈیزل پر بھی 79 پیسے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں۔ پیٹرول پمپس مالکان کی من مانی اوراضافی قیمت وصول کرنے پر صارفین اور عملے کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ دوسری جانب پٹرول پمپس منیجرز کا مؤقف ہے کہ اضافی پیسے ٹرانسپورٹ چارجز کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔