پاک بھارت میچ سے قبل رمیز راجا کی بابراعظم سے بڑی درخواست

09-01-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق سربراہ اور کمنٹیٹر رمیز راجا نے پاک بھارت مقابلے سے قبل کپتان بابراعظم سے بڑی درخواست کردی۔

سابق کرکٹر رمیز راجا نے اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابراعظم سے درخواست کی ہے کہ اوپنر فخر زمان مسلسل فلاپ ہورہے ہیں انہیں بھارت کیخلاف میچ میں پلیئنگ الیون کے بجائے آرام کروایا جائے اور خود امام الحق کے ساتھ اوپننگ کرکے پاکستان کو مضبوط آغاز فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ فخر زمان ایک غیر روایتی بیٹر ہیں لیکن جب ایسا کھلاڑی آؤٹ آف فارم ہوتا ہے تو انہیں آرام کروایا جاتا ہے تاکہ وہ جلدی کم بیک کرسکے۔ رمیز راجا نے کہا کہ فخرنے افغانستان کی نسبتاً کمزور ٹیم کے خلاف تین میچز کھیلے لیکن پرفارم نہیں کرسکے جبکہ انکی باڈی لینگویج بھی بلکل مختلف تھی، پاکستان ایشیا کپ میں بھارت کیخلاف میچ میں اِن فارم بیٹر کی ضرورت ہے اگر امام بھی جلد آؤٹ ہوتے ہیں تو اِن پر مزید دباؤ بڑھے گا۔ واضح رہے ایشیا کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کل (ہفتے) کے روز پالے کیلے میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔