تدارک سموگ کیس، دکانیں رات 10 بجے تک بند نہ کروانے پر عدالت برہم
09-01-2023
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کے لیے مارکیٹیں رات 10 بجے بند نہ کرانے پر ڈی سی لاہور پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
سموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر اور ڈی آئی جی آپریشنز حیدر ناصر رضوی عدالت پیش ہوئے۔ درخواستگزار کی جانب سے کہا گیا کہ مارکیٹس کو 10 بجے بند ہونا چاہئے مگر وہ کھلی رہتی ہیں، جس پرعدالت نے ڈی سی لاہور پر اظہار برہمی کیا۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ہوم ڈیلوری کے اوقات کارغیر متعین کردیے جائیں، جس پرعدالت نے اوقات کارغیرمتعین کرنے پرآمادگی کا اظہار کیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ انتظامیہ اس معاملے میں تعاون کرے، بعدازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کردی۔