قومی کرکٹرز کے ساتھ سنٹرل کنٹریکٹ پر مذاکرات ایشیا کپ کی وجہ سے موخر

09-01-2023

(ویب ڈیسک) سنٹرل کنٹریکٹ پر بورڈ اور کرکٹرز میں مذاکرات ایشیا کپ کی وجہ سے موخر ہو گئے۔

پاکستانی کرکٹرز اور پی سی بی میں کافی دنوں سے سنٹرل کنٹریکٹ پر بات چیت جاری تھی،اسی وجہ سے کئی ماہ گزرنے کے باوجود اعلان نہیں کیا جا سکا، بورڈ نے معاوضے دگنے کر دیے مگر کھلاڑی کمرشل معاملات میں زیادہ آزادی چاہتے ہیں۔ انہوں نے آئی سی سی کی آمدنی میں سے حصے کا بھی مطالبہ کیا ہے، پی سی بی کی خواہش تھی کہ ایشیا کپ سے قبل ہی سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان ہو جائے لیکن یہ معاملہ مسلسل تاخیر کا شکار ہو رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نیپال کیخلاف میچ سے قبل بھی نئے معاہدوں پر دستخط نہیں ہو سکے، کھلاڑی اور بورڈ حکام نے معاملہ فی الحال موخر کر دیا ہے، پلیئرز چاہتے ہیں کہ مکمل توجہ بھارت کیخلاف میچ اور دیگر مقابلوں پر دیں۔ اس حوالے سے رابطے پر ایک پی سی بی آفیشل نے کہا کہ سنٹرل کنٹریکٹ میں کسی قسم کا کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے، کھلاڑیوں کو پاکستانی تاریخ میں سب سے زیادہ معاوضے دینے کا فیصلہ ہو چکا جس سے وہ خاصے خوش بھی ہیں، بعض معمولی امور حل ہوتے ہی اعلان کر دیا جائے گا، فی الحال کرکٹ ہی سب کی توجہ کا مرکز رہے تو اچھا ہوگا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جب تک نئے معاہدوں کا اعلان نہیں ہوتا پلیئرز کو سابقہ کنٹریکٹ کے لحاظ سے ہی ادائیگیاں ہوتی رہیں گی، اگر کوئی واجبات ہوئے تو بعد میں انہیں ادا کر دیا جائے گا۔