10 سال میں بجلی گھر کپیسٹی چارجز کی مد میں 8344ارب روپے ہڑپ کر گئے

09-01-2023

(ویب ڈیسک) رواں مالی سال کے دوران بجلی کے کپیسٹی چارجز مختص ترقیاتی بجٹ سے بھی دوگنا ہوگئے۔

نجی ٹی وی نے دستاویزات کے حوالے سے بتایا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران کپیسٹی چارجز 2010 ارب روپے کا تخمینہ ہے۔ 10سال میں بجلی گھر کپیسٹی چارجز کی مد میں 8344ارب روپے ہڑپ کر گئے ہیں۔ وفاقی حکومت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین کو فری یونٹس کی فراہمی کے معاملے پر بھی تاحال کوئی فیصلہ نہیں کر سکی۔ وزارت آبی وسائل فری یونٹس کے خاتمے کی مخالفت کررہی ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ فری یونٹس ختم کرنے سے کوئی بچت نہیں ہوگی،نیپرا اتھارٹی نے مفت یونٹس کی بجائے ملازمین کو یوٹیلیٹی الاؤنس دینے کی تجویز دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے تجویز دی ہے کہ ملازمین کوماہانہ تنخواہ میں فری یونٹس کے برابر رقم دی جائے۔