پنجاب میں 73 لاکھ بچےسکول نہیں جاتے، محکمہ سکول ایجوکیشن کی رپورٹ میں انکشاف

09-01-2023

(ویب ڈیسک) پنجاب میں 73 لاکھ سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشافات کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں پرائمری لیول کے 19لاکھ بچے سکول نہیں جاتے جبکہ جونیئراورمڈل لیول کے32لاکھ سے زائد بچے سکول نہیں جارہے۔ سینئر لیول کے21 لاکھ سےزائد بچےسکول جانے سے محروم ہیں۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے  کہ راجن پور، رحیم یار خان، بہاولپور، ڈی جی خان، لودھراں اور بھکر میں سکول نہ جانے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں 47 فیصد لڑکے اور 53 فیصد لڑکیاں سکول نہیں جاتیں جبکہ سکول نہ جانے والے 70 فیصد بچے پنجاب کےدیہاتی علاقوں میں سے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ والدین غربت کو سکول نہ بھیجنےکی وجہ قراردیتے ہیں۔ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 48 ہزار سے زائد سرکاری سکولز ہیں۔ سکول نہ جانے والے طلباء کے لیے بھرپور انرولمنٹ مہم چلارہے ہیں۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن احسن وحید نے کہا کہ 31 اکتوبر کو زیادہ سے زیادہ طلباء کو سکولوں میں داخل کریں گے۔ محکمہ سکول ایجوکیشن ایک کروڑ17 لاکھ بچوں کو مفت تعلیم دے رہا ہے۔