پنجاب میں ہیلتھ کارڈ پر علاج معالجہ کی سہولیات مزید محدود
09-01-2023
(لاہور نیوز) پنجاب میں ہیلتھ کارڈ پر کٹ لگانے کا سلسلہ جاری ہے، دن بدن ہیلتھ کارڈ سے علاج و معالجہ کی سہولیات محدود ہوتی جارہی ہیں۔
غریب کے ہاتھ سے علاج معالجے کی سہولیات بھی سرکنے لگیں، پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی نے ہیلتھ کارڈ سے علاج معالجے کی سہولیات کو مختصر کرنا شروع کردیا، اس سے قبل گائنی ڈلیوری اور کارڈیک سرجری کو بند کیا گیا، اب آنکھوں کے سفید موتیے کی سرجری بھی بند کردی گئی ہے۔ پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ہرنیا، اپینڈکس ،پتے اور پروسٹیٹ کے آپریشن پر 30 فیصد ادائیگی مریض کو اپنی جیب سے کرنا ہوگی۔ طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہیلتھ کارڈ کو آہستہ آہستہ بند کرنے کے اقدام کی طرف یہ واضح ثبوت ہیں۔