نگران حکومت نے بجلی بلوں کے ستائے عوام پر پٹرول بم گرا دیا
09-01-2023
(ویب ڈیسک) نگران حکومت نے مہنگائی اور بجلی کے بلوں کے ستائے عوام پر دوسرا پٹرول بم گرا دیا، قیمت میں 14 روپے 91 پیسے کا بڑا اضافہ کر دیا گیا۔
وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا، پٹرول کی قیمت میں 14 روپے 91 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 305 روپے 36 پیسے ہوگئی ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل 18 روپے 44 پیسے مہنگا کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 311 روپے 84 پیسے ہو گئی، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔ یاد رہے کہ 15 اگست کو پٹرول کی قیمت میں 17 روپے 50 پیسے فی لیٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔