فائیو سائیڈ ایشیا ہاکی کپ: پاکستان اور ملائیشیا کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابر

08-31-2023

(ویب ڈیسک) فائیو سائیڈ ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان اور ملائیشیا کا میچ سنسنی خیز مقابلہ کے بعد 5-5 گول سے برابر ہو گیا۔

عمان کے شہر صلالہ میں جاری ٹورنامنٹ میں پاکستان  نے پوائنٹس ٹیبل پر 13 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر جگہ بنا لی، انڈیا 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ملائیشیا 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان رانا عبدالوحید اشرف نے 3، عبدالرحمٰن اور مرتضیٰ یعقوب نے ایک ایک گول سکور کیا۔ قبل ازیں گرین شرٹس نے ایونٹ میں اپنے چوتھے میچ میں میزبان ٹیم عمان کو 4 کے مقابلے میں 9 گولز سے شکست دی تھی، اس سے قبل پاکستانی ٹیم بھارت، بنگلہ دیش اور جاپان کے خلاف بھی کامیابی حاصل کر چکی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان فائیو سائیڈ ہاکی ٹیم کی کوچنگ کے فرائض اولمپیئن وسیم فیروز سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ٹیم مینجر میجر (ر) محمد شاہنواز خان اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔