گورنر پنجاب سے یو ایس قونصل جنرل کی ملاقات، تجارت و دیگر امور پر تبادلہ خیال

08-31-2023

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے لاہور میں نئی تعینات ہونے والی یو ایس قونصل جنرل کرسٹین کے ہاکنز نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔

ملاقات  میں تعلیم، تجارت، ماحولیاتی تبدیلی اور جڑانوالہ واقعہ سمیت اہم امور پر  تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر پنجاب نے نئی تعینات ہونے والی یو ایس قونصل جنرل کو خوش آمدید کہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا،گورنر بلیغ الرحمان نے پنجاب اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کے معاہدے میں یو ایس قونصلیٹ کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ جڑانوالہ میں قرآن پاک کی بےحرمتی اور اس کے ردعمل میں گرجا گھروں اور دیگر  گھروں کو جلائے جانے کے واقعات دونوں ہی افسوسناک اور شرمناک ہیں۔ یو ایس قونصل جنرل لاہور کرسٹین کے ہاکنز نے کہا کہ امریکہ اور پنجاب ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مختلف منصوبوں پر مل کر کام کر سکتے ہیں۔