اداکار جاوید شیخ بھی بجلی بلوں میں اضافے پر تشویش کا شکار

08-31-2023

(ویب ڈیسک) پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار جاوید شیخ بھی بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے پر پریشانی کا شکار ہو گئے۔

اداکار جاوید شیخ نے نجی ٹی وی شو کے مارننگ شو میں بجلی کے بلوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بلوں میں بے تحاشا اضافے نے سب کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے، نگران حکومت کی بات کوئی نہیں سن رہا، آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ بجلی کے بل دینے پڑیں گے۔ جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ میں حیران ہوتا ہوں کہ متوسط طبقہ اس تنخواہ میں کیسے گزارا کرتے ہوں گے اور بجلی کا بل کیسے ادا کرتے ہوں گے؟ اس وقت جو پاکستان میں صورتحال ہے، یہ بڑا المیہ ہے۔ میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ کو اس بار کتنا بل آیا؟ جس پر اداکار نے بتایا کہ انہیں اس ماہ ڈیڑھ لاکھ روپے بجلی کا بل آیا جو  گزشتہ ماہ سے کافی زیادہ ہے۔ سینئر اداکار کا مزید کہنا تھا کہ جو صاحب حیثیت ہیں انکے لیے بھی پریشانیاں ہیں، ہم کسی نہ کسی طریقے سے گزارا کرلیتے ہیں لیکن اصل پریشانی ان لوگوں کیلئے جو تنخواہ دار ہیں، 30 سے 40 ہزار کی تنخواہ پر کام کر رہے ہیں۔