پرویز الہٰی کا نیب حوالات میں طبی معائنہ، فٹ قرار

08-31-2023

(لاہور نیوز) جناح ہسپتال کے تین رکنی میڈیکل بورڈ نےسابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی کو طبی طور پر فٹ قرار دے دیا۔

میڈیکل بورڈ نے نیب حوالات میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب و صدر پاکستان تحریک انصاف کا طبی معائنہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق میڈیکل بورڈ نے پرویزالہٰی کے تفصیلی طبی معائنہ کے بعد سی بی سی، شوگر ٹیسٹ، ایل ایف ٹی، لیپڈ پروفائل، ٹی ایس ایچ اور مختلف ٹیسٹ تجویز کر دیئے، پرویزالہٰی نے صبح کے وقت دونوں آنکھوں میں ہلکی جلن کی شکایت تھی۔ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں نے ٹارچ لائٹ کے ساتھ آنکھوں کا بیرونی معائنہ کیا، آنکھوں کی موجودہ شکایات کے لئے مصنوعی آنسو تجویز کئے گئے، پیشاب کی نالی میں کوئی انفیکشن نہیں ہے، مریض کافی مقدار میں پانی لے رہا ہے جوکہ 3 لیٹر سے زیادہ نہیں ہونا چاہئے۔ میڈیکل بورڈ نے رپورٹ میں کہا آئی ڈراپس سیسٹین ایک قطرہ دن میں تین بار استعمال کریں  دیگر تمام آنکھوں کے قطرے بند کر دیں، سپیشل میڈیکل بورڈ کی طرف سے معائنے کے دوران پرویزالہٰی آرام سے کرسی پر بیٹھے رہے اور میڈیکل بورڈ سے مکمل تعاون کیا۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق پرویزالہٰی کی سب سے بڑی شکایت نوکٹوریا، نچلے اعضاء میں ورم اور جلن کی شکایت تھی، ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہیں جبکہ کمر میں درد کی شکایت بھی ہے، فاسٹنگ بلڈ شوگر کا فراہم کردہ ریکارڈ نارمل حد کے اندر تھا۔ میڈیکل بورڈ کی پورٹ میں مزید بتایا گیا مریض کے بیان کے مطابق آخری شوگر ٹیسٹ کی رپورٹ 6 فیصد تھی۔