پیاف نے لاہور چیمبر کے الیکشن کیلئے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران سے درخواستیں طلب کر لیں

08-31-2023

(لاہور نیوز) پیٹرن انچیف پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ(پیاف) میاں انجم نثار اور چیئرمین پیاف فہیم الرحمان سہگل نے پیاف مجلس عاملہ اراکین سے لاہور چیمبر الیکشن کی ایگزیکٹو باڈی کیلئے درخواستیں طلب کر لیں ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین پیاف فہیم الرحمان سہگل نے کہا ہے کہ پیاف نے لاہور چیمبر کے آئندہ الیکشن کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ متوقع امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ درخواستیں دینے کی آخری تاریخ 6 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ پیٹرن انچیف پیاف میاں انجم نثار کی صدارت میں پیاف کور کمیٹی کے ہونیوالے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیاف لاہور چیمبر کے الیکشن میں ہر سال کی طرح تمام سیٹس پر اپنے بہترین اور اہل امیدواروں کو ٹکٹس دے گی۔ پیاف کی قیادت اور مجلس عاملہ کے اراکین اپنی اپنی مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں بھرپور کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر فہیم الرحمان سہگل نے کہا پیاف نے ہر معاملے پر تاجروں و صنعتکاروں کی آواز کو بلند کیا ہے اور انکے مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچایا ہے اور مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوششیں کی ہیں ۔ پیاف نے لاہور چیمبر میں خدمات کی اعلیٰ تاریخ رقم کی ہے۔ سابق چیئرمین پیاف و سینئر ممبر کور کمیٹی محمد علی میاں نے کہا پیاف آنے والے لاہور چیمبر الیکشن میں الائنس کے ساتھ ملکر ایک بار پھر بھرپور کامیابی حاصل کرے گا ۔ پیاف سپریم کونسل ایگزیکٹو کمیٹی کی مشاورت سے لاہور چیمبر الیکشن میں بہترین امیدوار پیش کرے گی اور اسکا اعلان چند روز میں کر دیا جائے گا۔