واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب
08-31-2023
(لاہور نیوز) چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے پیٹرن انچیف نے ورلڈ ایتھلیٹکس چمپیئن شپ میں تاریخی کارکردگی پر ارشد ندیم کو نقد انعام دیا۔
ورلڈ ایتھلیٹکس چمپیئن شپ 2023ء میں پاکستان کے لئے سلور میڈل حاصل کرنے والے واپڈا ایتھلیٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے واپڈا ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ) جو واپڈا سپورٹس بورڈ کے پیٹرن انچیف بھی ہیں، انہوں نے ارشد ندیم کو ورلڈ ایتھلیٹکس چمپیئن شپ میں تاریخی کارکردگی کے اعتراف میں 17 لاکھ روپے نقد انعام دیا۔ جنرل منیجر (ایڈمن) واپڈا اور جنرل منیجر سپورٹس بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ ورلڈ ایتھلیٹکس چمپیئن شپ میں سلور میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دیتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ پوری قوم کو آپ کی شاندار کارکردگی پر فخر ہے۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ارشد ندیم مستقبل کے بین الاقوامی اور عالمی مقابلوں بالخصوص پیرس اولمپکس 2024ء میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ اُنہوں نے ارشد ندیم کو یقین دلایا کہ اِس ضمن میں واپڈا سپورٹس بورڈ انہیں بھر پور تربیت سمیت دیگر سہولیات فراہم کرے گا۔ اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے عالمی اور بین الاقوامی کھیلوں میں پاکستان کے لئے فتوحات سمیٹنے والے کھلاڑیوں کی سرپرستی کرنے پر واپڈا سپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین واپڈا نے گزشتہ ماہ بنکاک میں ہونے والے 25 ویں ایشین ایتھلیٹکس چمپیئن شپ میں نیزہ بازی میں پاکستان کے لئے کانسی کا تمغہ جیتنے والے واپڈا سپورٹس بورڈ کے ایتھلیٹ محمد یاسر کو بھی پانچ لاکھ روپے نقد انعام دیا۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ واپڈا چھ دہائیوں سے ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ واپڈا کھلاڑیوں کو ملازمت فراہم کرنے والا پاکستان کا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ ملک بھر میں واپڈا سپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹس میں 2200 کھلاڑیوں اور کھیلوں سے منسلک سٹاف کو ملازمت فراہم کی گئی ہے۔ واپڈا کی مختلف کھیلوں میں 65 ٹیمیں ہیں جن میں 36 مینز اور 29 ویمنز ٹیمیں شامل ہیں۔ واپڈا اِس وقت قومی سطح پر 34 کھیلوں میں چمپیئن ہے جس میں 17 مینز اور 17 ویمنز ٹیمیں شامل ہیں جبکہ 22 کھیلوں میں رنر اَپ ہے جن میں 13 مینز اور 9 ویمنز ٹیمیں شامل ہیں۔