شہر میں 50 سٹرکچر پلان روڈز کی تعمیر کا خواب ادھورا

08-31-2023

(لاہور نیوز) ایل ڈی اے اور ٹیپا انتظامیہ سٹرکچر پلان روڈزکی تعمیر پر عمل نہ کرسکیں، شہر میں 50 سٹرکچر پلان روڈزکی تعمیرکا منصوبہ عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔

ٹیپا انتظامیہ نے 20 سال قبل شہر میں 50 سٹرکچر پلان روڈز کا پلان دیا،20 سال کے دورانیہ میں 50 سٹرکچر پلان روڈز پر من و عن عمل درآمد نہ ہوسکا،ایل ڈی اے نے ماسٹر پلان کے متضاد گزشتہ دو دہائیوں میں فلائی اوور اور انڈر پاسز تعمیر کئے مگر ایڈگریڈ کے ذریعے کم لاگت سے بننے والی سٹرکچر پلان روڈز کو ترجیحات میں شامل نہ کیا۔ ایل ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں کی تعمیر شروع کرنے سے قبل اراضی کے حصول کے لئے سیکشن فور نافذ کیا گیا، موضع نیاز بیگ، رکھ کھمبا، امیر کوٹ، شاہ پور خانپور، شاہ پور کانجراں، چوہنگ اور جلیانہ پرسیکشن فور نافذ کیا گیا، گزشتہ 10 برسوں سے سیکشن فورنافذ کر کے سڑکیں تعمیر نہیں کی گئیں۔  ماسٹرپلان کی وضع کردہ 50 سٹرکچر پلان روڈز میں سے صرف 3 تعمیر ہوسکیں، پنجاب حکومت نے سالانہ بجٹ میں سٹرکچر پلان روڈز کے منصوبے ڈراپ کر دیئے، ماسٹر پلان پر عمل درآمد نہ ہونے سے شہر میں ٹریفک کا دباؤ بڑھنے لگا۔ ادھر ایل ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نگران پنجاب حکومت نے ہڈیارہ ڈرین کے ساتھ سٹرکچر پلان روڈ بنانے کی اجازت دے دی ہے، عوامی شنوائی کا عمل مکمل کر لیا، ٹینڈر کے بعد کام شروع کیا جائے گا۔