پی ایس او کا مالی بحران شدید، کمپنی ریفائنریز کی اربوں روپے کی مقروض

08-31-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کا مالی بحران شدت اختیار کر گیا، پاکستان سٹیٹ آئل کمپنی کی تیل درآمد کا لیٹر آف کریڈٹ ڈیفالٹ ہونے کا خدشہ ہے۔

ذرائع پی ایس او کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹیٹ آئل کمپنی ریفائنریز کی اربوں روپے کی مقروض ہے، پی ایس او کا سرکلر ڈیٹ 740 ارب روپے تک پہنچ گیا، لیٹر آف کریڈٹ بچانے کے 154 ارب روپے درکار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس او نے ریفائنریز کے 190 ارب 54 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں، کمپنی پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ کی 18 ارب روپے سے زائد کی مقروض ہے، پاکستان سٹیٹ آئل کمپنی کی تیل درآمد کا لیٹر آف کریڈٹ ڈیفالٹ ہونے کا خدشہ ہے۔ پی ایس او ذرائع کے مطابق کمپنی نےنیشنل ریفائنری لمیٹڈ کے 3 ارب 98 کروڑ، اٹک ریفائنری لمیٹڈ کے 4 ارب 87 کروڑ اور ای این آر کے 31 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لیٹر آف کریڈٹ ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کیلئے پی ایس او نے وزارت خزانہ سے رجوع کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پی ایس او کو فوری فنڈز فراہم کئے جائیں ورنہ لیٹر آف کریڈٹ ڈیفالٹ کر جائے گا، لیٹرآف کریڈٹ ڈیفالٹ کر گیا تو تیل کی درآمد میں تعطل آ سکتا ہے۔