بابراعظم کی نیپال کیخلاف شاندار اننگز ، سرحد پار سے بھی تعریفیں

08-31-2023

(ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی نیپال کے خلاف شاندار اننگز کی بھارتی کرکٹرز بھی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئے۔

بدھ کو قومی ٹیم نےکپتان بابراعظم اور افتخار احمد کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیپال کو 343 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔ بابراعظم نے نیپال کے خلاف ون ڈے کیریئر کی 19 ویں سنچری سکور کی اور 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ افتخار احمد 71 گیندوں پر 109 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کی نیپال کے خلاف شاندار اننگر کی سرحد پار سے بھی تعریفیں کی گئیں۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولرعرفان پٹھان نے ایکس( سابقہ ٹوئٹر) پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ 'بابر اعظم نے ایک بار پھر سنچری بناکر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جب رنز بنانے کی بات آتی ہے تو بابر اس میں مہارت رکھتے ہیں'۔ بھارتی سپنر روی چندرن ایشون بھی بابر کی اننگز کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے، انہوں نے بھی ایکس پر بابر کی سنچری پر تالیوں والے ایمو جی شیئر کیے۔ واضح رہے کہ بابر اعظم نے 102 اننگز میں 19 سنچریاں بناکر جنوبی افریقا کے سابق بیٹر ہاشم آملہ کا ریکارڈ توڑ دیا۔  ہاشم آملہ نے 104 اننگز میں 19و یں سنچری بنائی تھی جبکہ بابراعظم نے 102 ویں اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔