لاہور کے ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق
08-30-2023
(لاہور نیوز) لاہور کے ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی۔
لاہور میں آؤٹ فال روڈ سے ماحولیاتی نمونے 15 اگست کو لیے گئے۔ سیوریج کے پانی کے نمونے میں پولیو وائرس پایا گیا۔ وائرس جینیاتی طور پر قندہار میں پائے جانے والے کلسٹر سے منسلک ہے۔ یہ لاہور سے اس سال کا تیسرا مثبت ماحولیاتی نمونہ ہے۔ جنوری میں دو نمونے مثبت رپورٹ ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد 5 ہو گئی۔ پنجاب نے معیاری مہمات کا انعقاد کیا ہے۔ سربراہ انسداد پولیو پروگرام خضر افضال کا کہنا ہے پنجاب وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیاب رہا ہے۔ پولیو کی نگرانی کا نظام وائرس کی فوری نشاندہی کر رہا ہے۔ لاہور سے آخری پولیو کیس جولائی 2020 میں رپورٹ ہوا۔ لاہور میں حالیہ ترین پولیو مہم 15 مئی کو منعقد کی گئی تھی۔ ملک بھر میں آئندہ پولیو مہم اکتوبر سے شروع کی جا رہی ہے۔