حضرت داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس کیلئے سوا کروڑ کی گرانٹ جاری

08-30-2023

(لاہور نیوز) محکمہ اوقاف پنجاب نے حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس کیلئے ایک کروڑ 25لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کر دی۔

حضرت علی ہجویریؒ کے 980 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز 5 ستمبر سے ہو گا، عرس تقریبات  کے دوران 3 ہزار پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ نگران صوبائی وزیر اوقاف سید اظفر علی ناصر نے عرس کی تیاریوں پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عرس کی تقریبات کا آغاز مزار پر چادر پوشی سے ہو گا،عوامی سہولت کے لیے  تمام متعلقہ محکموں کے کیمپ آفس قائم کر دیئے گئے ہیں، زائرین کی سہولت کے لئے دربار پر ہیلپ کاؤنٹر بھی بنائے گئے ہیں۔ سید اظفر علی ناصر نے مزید کہا کہ عرس پر زائرین کی سہولت کیلئے وسیع پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، 133 سکیورٹی  اور  کلوز سرکٹ کیمروں کے علاوہ  کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے، کنٹرول روم میں 16ایل سی ڈیز نصب ہوں گی جن سے عرس کے دوران 24 گھنٹے مانیٹرنگ جاری رہے گی۔