دودھ، دہی اور روٹی کی سرکاری قیمتوں میں بھی اضافہ

08-30-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی کے شکنجے نے غریب کا گلا گھونٹ دیا ۔ دودھ، دہی اور روٹی کی سرکاری قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا۔

دودھ، دہی اور روٹی عوام کیلئے مہنگائی کی نئی کسوٹی بن گئی۔ دودھ ، دہی اور روٹی کے سرکاری نرخوں میں اضافہ ہو گیا۔ ڈی سی ریٹ لسٹ میں روٹی کی قیمت 15 روپے سے بڑھا کر 18 روپے مقرر، دودھ 140 سے بڑھا کر 160 روپے فی کلو کر دیا گیا۔ دہی 165 سے بڑھ کر 180 روپے فی کلو ہو گیا۔ نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا۔ دوسری جانب دکانداروں اور تنور مالکان نے سرکاری قیمتوں کو پس پشت ڈال دیا۔ دودھ 180 روپے جبکہ دہی 200 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ روٹی 18 روپے کے بجائے 20 روپے میں مل رہی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ مالی حالات خودکشیوں پر مجبور کر رہے ہیں۔ مہنگائی بڑھتی چلی جا رہی ہے جبکہ آمدن میں کوئی اضافہ نہیں ہو رہا ہے۔ عوام  نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ غریب آدمی کا جینا مشکل ہو گیا ہے، مہنگائی میں کمی لائی جائے۔