کپاس کے سیلاب متاثرہ کاشتکاروں کیلئے ریلیف کی منصوبہ بندی کررہے ہیں: اظفر علی

08-30-2023

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر اظفر علی ناصر نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے کپاس کے کاشتکاروں کی مالی امداد کے لیے ریلیف کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

اظفر علی ناصر نے بہاولپور کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا، انہوں نے انتظامیہ کو سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اظفر علی ناصر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایات پر تمام منسٹرز متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں، سیلاب کا تیسرا ریلہ چل رہا ہے ،متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے نقصان کے ازالہ کے لئے آیا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑا سیلابی ریلہ گزر گیا ہے،اس وقت سیلاب کا زور احمد پور شرقیہ پر ہے، 1988 کے بعد اتنا بڑا سیلابی ریلہ پہلی بار آیا ہے۔ صوبائی وزیر اوقاف نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت ساڑھے آٹھ لاکھ کپاس کی بیلز پر کام کررہی تھی، سیلاب سے متاثرہ کپاس کے کاشتکاروں کے لئے مالی ریلف کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔